خضدار: ہندو پنچائیت خضدار کی جانب سے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ہندو محلہ شاہی باغ سے خضدار پریس کلب تک مارچ کیا، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فرانس مردہ باد، اور پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے۔
خضدار پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے ہندو پنچائیت صدر بابو کنیالال، چوہدری رمیش کمار، مجن لال، رمیش کمار چاولہ، کمار چند، چندر کمار، راجن داس، سن مکھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرانس کی جانب سے توہینِ رسالت کا مرتکب ہونا قابل مذمت ہے جان بوجھ کر دنیاء کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس طرح مسلمانوں کے دل کی آزاری ہوئی اسی طرح اقلیتی برادری بھی فرانس کی اس گستاخی پر کوفت محسوس کررہے ہیں۔
آج ہم سڑکوں پر نکلے ہیں اور مظاہرہ کررہے ہیں یہی بتانا چاہتے ہیں کہ عالمی برادری فرانس کو اس طرح کی گستاخی اور مسلمانوں کے جذبات کو ابھارنے و مجروح کرنے سے گریز کریں، مسلمانوں کی جو دل آزاری ہوئی ہے اس پر ہم خود تکلیف محسوس کررہے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے فرانس مردہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔