|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2020

خضدار: بی این پی (عوامی)کے سینئر رہنماء سابق وزیرداخلہ بلوچستان میر ظفر اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ہمارا عوام سے پہلے سے بھی زیادہ منظم و مربوط انداز میں رابطہ برقرار ہے، اقتدار میں ہوں یا نہیں تاہم عوام کی جانب سے ملنے والی پذیرائی ہمارے لئے اطمینا ن بخش ہے، ماضی میں مثالی انداز میں عوام کی خدمت کو جاری رکھا آئندہ اس سے بڑھ کر خدمت کا فارمولا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر ملنے والے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبدالواحد سیاہ پاد رند کی قیادت میں وفد نے ان سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں حاجی عبدالستار سیاہ پاد، ٹکر عبدالوہاب عمرانی و دیگر شامل تھے۔ بی این پی (عوامی) کے مرکز ی رہنماء میر ظفر اللہ خان زہری نے کہاکہ ہماری سیاسی تربیت جس انداز میں ہوئی ہے۔

وہ عوامی خدمت علاقائی ترقی سے مزین ہے، ماضی میں جس طرح عوام کی خدمت ہوئی علاقوں کو ترقی دی گئی اس کی نظیر بہت کم ملتی ہے،آئندہ بھی اسی انداز میں عوام کی خدمت کریں گے تاکہ لوگوں کو خوشحالی ملے، بے روزگاری کم ہو۔انہوں نے کہاکہ جیوا علاقہ کی پسماندگی پر مجھے بھی افسوس ہے، تاہم جب بھی موقع ملا تو وہاں عوام کی خدمت اور خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لاؤنگا۔

سابق وزیرداخلہ بلوچستان میر ظفراللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ لوگوں کا جس طرح ہمارے ساتھ روابط ہیں قبائلی افراد و بہی خواہ میرے پاس آتے ہیں یہ ان کی محبت و اپنائیت ہے انشاء اللہ یہ اپنائیت آئندہ بھی اسی طرح برقرار رہیگا۔