|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2020

پاکستان نے  زمبابوے کو دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے گرین شرٹس کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف بآسانی 36 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

یوں قومی کرکٹ ٹیم نے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زمبابوے کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ ابتدا سے ہی جاری رہا اور سین ولیمز اور برینڈن ٹیلر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔

سین ولیمز نے 75 جب کہ برینڈن ٹیلر نے 36 رنز کی اننگز کھیلی، برین چری نے بھی 25 رنز بنائے۔

تاہم مہمان ٹیم 46 ویں اوور میں 206 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ موسیٰ خان کے حصے میں دو وکٹ آئے۔ حارث رؤف، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے ہدف کے تعاقب امام الحق اور عابد علی نے اننگز کا مستحکم آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز جوڑے اور عابد علی 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

امام الحق 49، حیدر علی 29 اور محمد رضوان ایک رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور ٹیم کو کامیابی دلائی۔ 

بابر اعظم کے ناقابل شکشت 77 رنز کی بدولت گرین شرٹس نے بآسانی207 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ یوں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔   

پاکستان کے افتخار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔ 

سیریز کا آخری ایک روزہ میچ 3 نومبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔