|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2020

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی دوسری لہر کے خدشات موجود ہیں، عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کی ضرورت نہ پڑے، بلوچستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے۔

تاہم دوسری لہر کے خدشات اب بھی موجود ہیں اس لئے ضروری ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سخت سے عمل درآمد کی جائے تاکہ دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کی ضرورت نہ پڑے اور لوگوں کو دشواری کا سامنانہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین صحت کے مطابق دوسرا لہر خطرناک ہوسکتا ہے اگر عوام نے احتیاط نہیں کیا تو لاک ڈاون لگ سکتا ہے۔

لیاقت شاہوانی نے صوبے میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں قلات میں گزشتہ دنوں 8سالہ بچے کی لاش ملی تھی اور معلوم ہوا تھا کہ بچے کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی گئی ہے۔

جس پر لیویز اور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس اور لیویز کی کامیابی کارروائی قابل تحسین عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام و دیگر سے متعلق جلد قانون سازی کی جائے گی۔