|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2020

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صاف پانی کے فقدان اور قلت آب میں بہتری لانے کیلئے اگر ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل قریب میں ہم کئی مشکلات سے دوچار ہوسکتے ہیں. گورنر یاسین زئی نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے بھر بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں استعمال شدہ پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ ہم زیر زمین پانی کی سطح کو اوپر لانے میں کامیاب ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبائی سیکرٹری صالح بلوچ کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. وفد میں محکمہ واسا، بیوٹمز یونیورسٹی اور بیپرا کے نمائندے بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران استعمال شدہ پانی کو دوبارہ زیراستعمال لانے کے حوالے سے سبزل روڈ پر موجود ویسٹ واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ کی بحالی سے متعلق ڈاکٹر نجم ملغانی اور ڈائریکٹر واسا عمران درانی نے گورنر بلوچستان کو علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی۔

وفد سے گفتگو کے دوران گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں قلیل اور طویل المدت منصوبے بنانے کیلئے اپنے صوبے کے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں موجود ماہرین اور محققین کے علم و تجربہ سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔