|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2020

لورالائی: جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی امیر ایم این اے مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ملک میں انتقام کی نئی روایت قائم کر دی ہے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کو استعمال کر کے عدل و انصاف کا خون کیا جارہا ہے آج تک حکومت اور نیب نے جن سیاسی قائدین کو حراست میں رکھا ہے ان سے ایک پیسہ وصولی نہیں ہواجس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ سارا گیم ان قائدین کو راستے سے ہٹا کر اپنی غیر آئینی اور سلیکٹڈ حکومت کو بزور طاقت قائم رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزراء گلگت بلدستان میں الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں وزیر اعظم کا عبوری صوبے کا اعلان اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈہ پور کے منصوبوں کیلئے فنڈز اور اضلاع و تحصیلوں کے اعلانات سراسر الیکشن رولز کی خلاف ورزی ہے چیف الیکشن کمشنر اور اعلٰی عدلیہ اسکا فوری نوٹس لیکر تمام اعلانات کو منسوخ کر کے خلاف وزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں اگر ایسا نہ ہوا تو ہم سمجھیں گے کہ الیکشن میں ایک مرتبہ پھر دھاندلی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

جس کو اپوزیشن کسی صورت تسلیم نہیں کریگی اور ہم انتخابی نتائج کو بھی نہیں مانیں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں عوام کو تبدیلی کا نعرہ دیا لیکن حکومت آج کسی اور کے ایجنڈے پر چل رہی ہے پی ڈی ایم ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے ہم ملک میں ائین کے تحفظ کیلئے میدان جنگ میں نکلے ہیں ہم سلیکٹڈ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے قوم پر غیر آئینی جمہوری حکومت مسلط کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین ملک میں ریاست اور عوام کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے ائین کو اہمیت نہیں دی گئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اسی ائین نے اسلامی دفعات کا تحفظ ملک کے وحدت اور عوام کو جوڑ رکھا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے ووٹوں سے برسر اقتدار نہیں ائی بلکہ اسے ہم پر کئی اورمسلط کیا گیا یہ سلیکٹڈ حکومت ہے عوام کی نمائندگی کا حق انھیں حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی سے عوام تنگ ہو کر اپوزیشن کے جلسوں میں بڑی تعداد کی صورت میں شریک ہو رہے ہیں بجلی گیس تیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں خارجہ اور داخلہ پالیسیا ں ناکام ہو چکی ہیں تمام ہمسائیہ ممالک ہم سے ناراض ہیں اور ملک تنہائی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی شکل میں عوام کو ایک نجات دہندہ پلیٹ فارم مل گیا ہے۔

اور ہم ملک میں حقیقی جمہورت کے قیام اور آئین قانون و پالیمان کی بالادستی کیلئے اپنی جاری جنگ میں ضرور کامیاب ہونگے عوام نااہل اور مسلط کردہ حکومت کے خلاف جاری جدوجہد میں بھر پور حصہ لیکر جمہوریت کی اصل بحالی اور اسلامی نظام کے عملی نفاز میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کا ہاتھ مضبوط کریں۔