|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2020

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات میں مکمل طور پر حصہ لیتے ہوئے دھاندلی کرنا چاہتی ہے اس بار کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ پر شب خون نہیں مارنے دیں گے حکومت اگر باز نہ آئی تو ہرفورم پراحتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں میں عوام نے بھاری اکثریت میں شرکت کرکے سلیکٹڈ حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان کے عوام نے مینڈیٹ ماضی میں بھی دیا ہے اور اس بار بھی پیپلز پارٹی کی جیت یقینی ہے حکومت کواپنی شکست نظر آرہی ہے جس کے بعد اب وفاقی وزراء سمیت حکومتی شخصیات گلگت بلتستان کے انتخابات میں اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔

حکومت اپنے دھاندلی کے ہتھکنڈوں سے بازرہے اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے جو بھی نتائج آئیں اسے قبول کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کی عوام پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے جبکہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے تاریخی طور پر بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات سے قبل ہی اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

حکومت کو نظرآتی واضح شکست ہضم نہیں ہورہی لیکن اب حکومت کو کسی بھی دھاندلی کے حربے استعمال کرنے سے پہلے یہ سوچنا ہوگا کہ عوام باشعورہوگئی ہے انہیں معلوم ہے کہ انہوں نے کسے ووٹ دینا ہے لہذا حکومت خاموشی سے فر ی اینڈ فیئر انتخابات ہونے دے اگر مزید کسی بھی معاملے میں دخل اندازی کی گئی تو پیپلز پارٹی ہر فورم پر احتجاج ریکارڈ کروائے گی۔