|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے کئی ملکی و غیر ملکی کمپنیاں رابطے کر رہی ہیں اور صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں جو ایک خوش آئند عمل ہے، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس سلسلے میں سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو تما م سہولیات اور معلومات فراہم کر رہا ہے۔

اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے،معاملات مثبت سمت میں گامزن ہیں، امیدہے کہ اس سلسلے میں عوام کو جلد خوشخبریاں دینگے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب تبدیل ہو چکا ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اوروہ بلا جھجک یہاں اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے تیار ہیں،انہوں کے کہا کہ ہمارے پاس بیش بہاپوشیدہ قدرتی وسائل موجود ہیں جو صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائے جا سکتے ہیں۔

اسکے علاوہ گوادر پورٹ اور سی پیک کی صورت میں ترقی کا ایک راستہ موجود ہے جبکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے سرمایہ کاروں کو بے شمار ترغیبات اور مراعات دی جا رہی ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر وہ اپنے کاروبار کو بلوچستان میں وسعت دے دسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک وژن رکھتے ہیں اور اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ایک عزم کیساتھ میدان میں ہیں۔

سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں سے ایک جانب صوبے میں کاروباری و صنعتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی تو دوسری جانب مقامی افراد کیلئے روزگار کے نئے مواقع میسر ہونگے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس مقصد کیلئے مکمل طور پر تیار اور اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور آنیوالے سرمایہ کاروں کوصوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک جامع پلیٹ فارم پیش کر رہا ہے۔