|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2020

کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں جدیدتحقیق پر مبنی علم ودانش کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے. انہوں نیکہا کہ جدید تحقیق نہ صرف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا بنیادی فریضہ ہے بلکہ معیاری تحقیق سے پورے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم کی بنیادیں مستحکم ہوسکتی ہیں۔

گورنربلوچستان یاسین زئی نے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق اور انکی پوری ٹیم کی مختصر وقت میں شاندار کارکردگی کو لائق تحسین قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ اسی جوش وجذبے سے یونیورسٹی کی تمام سرگرمیوں کو مزید آگے بڑھاتے رئینگے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاؤس کوئٹہ میں کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ دنیا میں تمام ترقی یافتہ ممالک کی ترقی وخوشحالی جدید علم وتحقیق کے باعث ہے۔

گورنریاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں اعلیٰ پایہ کے ماہرین ومحقیقین موجود ہیں. ضرورت اس امر کی ہے کہ اُنکے علم وتجربے سے بھرپور استفادہ کریں. انہوں نے کہا کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحتمند ماحول کو فروغ دینے، تعلیمی معیار کو اُونچا کرنے اور اکیڈمیہ اور مارکیٹ کے درمیان سماجی ضروریات کے مطابق اشتراک پیدا کرنے کیلئے اپنے حصہ کا کردار ادا کریں. آخر میں گورنر بلوچستان نے تربت یونیورسٹی کے طلباء او طالبات کیلئے وائس چانسلر کو بس کی چابیاں حوالے کر دی۔