|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع،مولوی سرور موسیٰ خیل،حاجی غوث اللہ، مولوی فیض محمد، مولوی امیر زمان، ضلعی امیر ژوب مولوی سرور، حاجی احسن خان شیرانی، رکن صوبائی اسمبلی حاجی نواز کاکڑ دین محمد سیگئی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام موجودہ حکومت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، ملک میں آئین و قانون کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

نااہل حکمرانوں نے مہنگائی میں اضافہ کرکے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے، پشاور اورلاہور کے جلسوں کے بعد پی ڈی ایم اسلام کا رخ کرے گی اور حکومت کو آخری وارننگ دے رہے ہیں کہ فوری طور پر مستعفی ہو کر نئے انتخابات کا اعلان کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب میں ملک رحمت اللہ شامنزئی کی خاندان سمیت جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے روز اول سے ملک میں ہونے والے انتخابات اور سلیکٹڈ حکومت کو رد کیا تھا کیونکہ عام انتخابات صاف و شفاف نہیں ہو ئے بلکہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا اور جن لوگوں کو سلیکٹ کرکے اقتدار حوالے کیا گیا آج انہی کی وجہ سے ملک بحرانوں سے دوچار ہے بلکہ ملک میں کوئی بھی ادارہ فعال نہیں ہے ہر ادارے میں مبینہ طور پر کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔

جو اداروں کے مفلوج ہونے کا باعث بنا۔ جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔ اب نااہل حکمرانوں کو مستعفی ہونا چاہیےے گزشتہ 70سالوں کے دوران مہنگائی کی شرح میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا گزشتہ 2سال کے دوران ہوا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے مگر یہاں مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب مہنگائی وجہ سے غریب اور مزدور کار طبقہ کو دو وقت کی روٹی تک نصیب نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ ہر حال میں ہوگا چاہے اس کے روکنے کے لئے جو بھی حربے استعمال کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب سب کچھ واضح ہوچکا ہے کہ موجودہ حکمران حکومت کرنے کے اہل نہیں ہیں، جن شہداء نے ملک کی خاطر جانوں کے نذرانے دیئے آج ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی بجائے۔

ان کے لواحقین کا مذاق اڑایا جارہا ہے یہ سب کچھ اس لئے کیا گیا کہ نااہل حکمران اپنی نااہلی چھپانا چا ہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم موجودہ حکمرانوں کو جلد رخصت کرکے گھر بھیج دے گی ہمارا مطالبہ ہے کہ نئے انتخابات کا جلد اعلان کیاجائے اور عوام کو حق حکمرانی دی جائے۔