|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2020

قلات: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ قلات میں بچے کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور قتل کسی المیہ سے کم نہیں، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے تاہم موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سیٹیلرز اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی آچکی ہے، پی ڈی ایم کے رہنماء غلط بیانی کرکے پروپیگنڈے کرنے میں مصروف عمل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قلات میں درندگی شکار ہونے والے شہید عمران لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر قلات عزت نذیر بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر زائد لانگو، ایس ایس پی قلات ارباب امجد کاسی ودیگر موجود تھے۔ شہید عمران کے ورثا سے تعزیت اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہاکہ کے کمسن طالبعلم کے ساتھ زیادتی اور قتل کرنا درندگی کی انتہا ہے معاشرے میں ایسے واقعات کا ہونا المیہ سے کم نہیں۔

مگر مجھے فخر ہے کے حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہے قلات انتظامیہ اور پولیس نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا اور اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے آگے بھی امید ہے کہ ملزمان اپنے کیفر کردار تک جلد پہنچ جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ لواحقین کی مالی امداد کے لیے ہوم ورک مکمل کی جاچکی ہے جبکہ فائل وزیر اعلی ببوچستان کوبھجوادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے موجودہ صوبائی حکومت سے پہلے دہشت گردی کی جو کاروائیاں ہوتی تھی اس حکومت میں مکمل امن تو نہیں مگر دو سال سے سیٹلرز اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کی واقعات میں نمایاں کمی آئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فورسز کی کوششوں سے بلوچستان جلد امن کا گہوارہ بن جائیگا۔ پی ڈی ایم جلسہ کی اتنی اہمیت نہیں اپوزیشن غلط پروپیگنڈے کر رہی ہے۔

اپوزیشن کے حب الوطنی پر کوئی شق نہیں،ناراض بلوچ لیڈروں سے مذکرات کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ باہر بیٹھے ناراض بلوچ لیڈران سے رابطہ ہے اور آگے بھی مذاکرات کے لیے وزیر اعلی بلوچستان اس حوالے اہم فیصلے کرینگے۔