|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر سے کراچی الیکٹرک (K-electic) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ہمایوں صغیر کی قیادت میں لسبیلہ میں بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے اہم ملاقات کی، اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور دنیش کمار اور سابق صوبائی وزیر پرنس احمد علی نے خصوصی طور پر شرکت کی، اجلاس میں سیکرٹری توانائی عبدالصبور کاکڑ بھی موجود تھے۔

کراچی الیکٹرک وفد کی سربراہی کرتے ہوئے ہمایوں صغیر نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر نئی 13 کلو واٹ (13KV) ٹرانسلیشن لائن پر جلد کام شروع کیا جائے گا جس سے لسبیلہ کی عوام اور اور انڈسٹریل یونٹس زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں گے- اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر لسبیلہ میں تین سولر پارک بھی قائم کیے جائیں گے جس سے بجلی کی کمی پر ایک حد تک قابو پا لیا جا سکے گا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے کراچی الیکٹرک کے وفد کو تمام پروجیکٹس کی تکمیل کیلئے زمین کی فراہمی اور دیگر معاملات کے حل کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا، چیف سیکرٹری بلوچستان کے اس یقین دہانی کو کراچی الیکٹرک حکام نے سراہا، اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان حب کو اسپیشل اکنامک زون کے طور پر ترقی دینا چاہتے ہیں اس مقصد کے حصول کے لئے سب سے اہم قدم لسبیلہ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہوگا۔

جس کے لئے نا صرف لیڈا کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے بلکہ انڈسٹریل یونٹس کو درپیش بجلی کی کمی کو بھی پورا کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے- اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ لیڈا (LIDA) کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جلد لیڈا اور کراچی الیکٹرک کے حکام کے درمیان یا ایک میٹنگ منعقد کیا جائے۔

جس میں لیڈا کے انٹرنل معاملات، بجلی لوڈ کی کمی، بلنگ اور انفراسٹرکچر جیسے معاملات کے حل کے بابت بات چیت ہو گی، کراچی الیکٹرک حکام نے اس موقع پر یقین دلایا کہ لیڈا کے ساتھ مستقبل قریب میں طے شدہ میٹنگ لیڈا اور لسبیلہ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔