|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2020

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں وائرس سے متعلق لوگوں کے رویوں میں پچھلے چھ ماہ کے دوران تبدیلی آئی ہے۔

اور وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنے کے بعد لوگ ایس او پیز پر سنجیدگی سے عمل نہیں کررہے تاہم حکومت عوام میں احتیاطی تدایبر کو اجاگر کرنے اور ان پر عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے، وزیراعلیٰ نے اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق ایک موثر میکنزم اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باقی صوبوں کی نسبت بلوچستان کے حالات مختلف ہیں، یہاں موسم ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

جس کے باعث کووڈ۔19 کے زیادہ اثرانداز ہونے کا خدشہ ہے، عوام کی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جاسکتے، کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ہمیں موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام پبلک سیکٹر دفاتر میں ماسک پہننے کو لازمی قراردیا ہے، وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بحیثیت ایک متحد قوم وفاق، صوبے اور عوام مل کر کورونا وائرس کی اس دوسری لہر پر بھی قابو پالیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی خیریت دریافت کی اور کورونا سے جلد صحت یابی پر ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر حاجی محمد خان طوراوتمانخیل، پارلیمانی سیکرٹریز ڈاکٹر ربابہ بلیدی، دھنیش کمار، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے،یہ ہدایت انہوں نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، اجلاس میں صوبائی وزیر حاجی محمد خان طور اوتمانخیل، پارلیمانی سیکریٹریز ڈاکٹر ربابہ بلیدی، دھنیش کمار، آئی جی پولیس بلوچستان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات،نمائندہ سدرن کمانڈ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس کو سیکریٹری صحت نے صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد، ٹیسٹنگ کے استعداد میں اضافہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے کورونا وائرس کے خطرے کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا جس کے نتیجے میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کم نظر آرہی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک سیکٹر کے تمام دفاتر میں ہر صورت ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ سیکریٹری صحت کو ٹیسٹنگ کے استعداد میں اضافہ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس وآلات کی عدم فراہمی سے متعلق فوری طور پر وفاقی حکومت سے رجوع کریں، وزیراعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو تسلسل کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر اور اس کے خطرات سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جائے، وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کووڈ۔19پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے۔