|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شا ہ کاکڑ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی حضرت محمد ﷺ نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک محترم شخصیت ہیں فرانس کے صدر کی سرپرستی میں توہین آمیز خاکو ں کی اشاعت نا قابل برداشت عمل ہے، یہ بات انہوں نے یہا ں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد /ﷺ مسلمانوں کے آخری نبی ہونے کے ساتھ ساتھ رحمت اللعالمین ہیں جنہوں نے پوری دنیاکو انسانیت کا درس دیا یورپ جو کہ مہذب خطہ کہلاتا ہے اسکے ملک فرانس کے صدر کی زیر سرپرستی حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی در اصل ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات پر یلغار ہے ماضی میں بھی انفرادی طور پر ایسے حملے کئے گئے جسکی مسلم امہ نے بھر پور مذمت کی اور اس عمل پر شدید ناپسندیدیگی کا اظہار کیا۔

لیکن اب ایک بار پھر ایک ریاست کی سرپرستی میں ایسا ہونا گہری سازش ہے جسے امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق اور سخت پیغام دیکر ناکام بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فرانس کی جانب سے اس عمل پر کی معافی مانگنے تک سفارتی تعلقات ترک کرنے چاہئیں۔

اور ہر مسلمان اس شر انگیز عمل پر بھر پور احتجاج کرے انہوں نے اسلامی ممالک کی تنظیم اوآئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر شدید احتجا ج ریکارڈ کروانے کے ساتھ ساتھ ایسے عمل کو مستقبل میں روکنے کے لئے مشترکہ اور مربوط لائحہ عمل اختیار کرے۔