|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2020

کوئٹہ: نوابزادہ میر رئیس خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اپنی مرضی کا نظام لانے کیلئے قبائلی نظام کیخلاف سازش کررہے ہیں،صوبے کی روایات عوام کے حقوق‘ سرزمین کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسراوان ہاؤس کوئٹہ میں غلط انجیکشن لگنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کے معاملہ پر پیدا ہونے والے تنازعہ کے تصفیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نوابزادہ رئیس رئیسانی نے مزید کہا کہ ہمارے اکابرین نے ہمیشہ مشکل اور کھٹن حالات کا سامنا کرتے ہوئے قومی مفادات کے خلاف جاری پالیسیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہو کر اصولوں کا ساتھ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ قبائلی نظام، روایات اور اقدار کیخلاف ہونے والی سازشوں کو باوجود قبائلی نظام پر عوام کااعتماد‘ تائید و حمایت میں کوئی کمی نہیں آئی لوگ اپنے مسائل کا حل اس نظام میں تلاش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات، آپسی رنجشوں کا خاتمہ کرکے صوبے کی روایات اور قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اپنے آئندہ نسلوں کو علم اور تعلیم کی جانب راغب کریں گے۔