|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2020

کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے کہا ہے کہ لیویز فورس نے بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں قیام امن کیلئے جانوں کی پرواہ کئے بغیر اپنا کردارادا کیا ہے پاک فوج کی جانب سے ابتک 3302لیویز اہلکاروں کی استعداد بڑھانے کیلئے تربیت دی گئی ہے جبکہ 1030اہلکاروں کی تربیت جاری ہے180اہلکار کمانڈوٹریننگ کورس کر رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کو لیویزہیڈکوارٹر کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرصوبائی وزیرداخلہ میرضیاء لانگو،ڈائریکٹر جنرل لیویز مجیب الرحمن نے کمانڈرسدرن کمانڈ کا استقبال کیابعد ازاں کمانڈر سدرن کمانڈنے لیویز کی یادگارشہداء پرحاضری دی اورپھول چڑھائے۔جنرل محمد وسیم اشرف نے بلوچستان میں امن قائم کرنے کیلئے لیویز کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

انہوں نے لیویز ہیڈکوارٹر میں آئی ٹی روم،جی فنسنگ سہولت،اسلحہ اور اسلحہ کے اسٹالز کابھی جائز لیا اور نئے تعمیر شدہ کانفرنس ہال کابھی معائنہ کیا۔ اس موقع پرلیویز اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے کہا کہ لیویز فورس نے بلوچستان میں قیام امن اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے گراں قدرخدمات سرانجام دی ہیں لیویز فورس کا صوبے میں اہم کردار ہے۔

پاک فوج نے لیویز فورس کی استعداد کار کو بڑھانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس سے بھر پور طریقے سے جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ابتک لیویز فورسکے 3302جوانوں کو استعداد کار بڑھانے کے پروگرام میں تربیت دی گئی ہے جبکہ مزید1030اہلکاروں کی ٹریننگ جاری ہے اوراسوقت کوئٹہ میں 180اہلکاروں کو کمانڈو ٹریننگ بھی فراہم کی جارہی ہے۔