|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے میں غربت کے خاتمے،مقامی افراد کو ملازمت کے مواقع کی فراہمی، آمدن کے ذرائع پیدا کرنے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی غرض سے معاشی نمو کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہے۔

بلوچستان اپنے وافر اور استعمال نہ ہونے والے قدرتی وسائل اور مقامی و عالمی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے باعث اہم معاشی مواقع فراہم کرتا ہے، اس سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو یہ مینڈیٹ دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری و نجی شعبوں کے مختلف اداروں کو سرمایہ کاری کی سہولیات، طریقہ کار سمیت انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی روابط میں تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کا مشن ہے کہ ابتدائی رکاوٹوں کودور کر کے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کی جائے اورپروجیکٹ کی پیشگی منصوبہ بندی سے لیکر رسک مینجمنٹ تک تمام خدمات فراہم کر کے اور پائیدار ترقیاتی ماڈل پر آسانی سے عملدرآمد کیلئے قانون و ضابطوں کی تعمیل یقینی بنائی جائے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے ماحول میں مستقل بہتری لائی جا سکے اور اس مقصد کیلئے بڑے پیمانے پر پیشرفت کی گئی ہے۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈنے نقشہ سازی کے پیچیدہ کام سمیت صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق قانونی، مالی اور طریقہ کار کے نظام کو خودکار بنادیا ہے جو سرمایہ کاروں کو آسانی سے دستیاب ہے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری لائے گا،بلوچستان میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے متعدد مواقع موجود ہیں، جن میں خصوصاً کان کنی، قابل تجدید توانائی،تیل و گیس کی تلاش،زراعت، لائیو اسٹاک،فشریز، فوڈ پروسیسنگ، لاجسٹک، ساحلی ترقی اور سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔