|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ظالم و ناترس حکمرانوں سے چھٹکارا پانے کے لئے پی ڈی ایم متحد ہے ملک میں حقیقی جمہوریت عوام کو مہنگائی بے روزگاری اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے نجات کے لئے سیاسی جماعتیں عوام کا مقدمہ لڑرہی ہیں موجودہ حکمران پی ڈی ایم کی تحریک سے خائف ہو کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں۔

کوئٹہ کے کامیاب جلسہ پر تمام سیاسی جماعتیں خراج تحسین کی مستحق ہیں ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل بلوچستان سے تعلق رکھنے والی جماعتیں اور قائدین سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت کی جانب سے ہر فیصلے کے پابند ہیں۔

اور مرکز کی طرف سے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا کوئٹہ میں کامیاب جلسہ پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکن خراج تحسین کے مستحق ہیں پی ڈی ایم کی کامیاب سیاسی تحریک سے حکمران خائف ہو کر عوام کو جھوٹ اور فریب سے ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عوام باشعور ہیں اور تبدیلی کے نام پر ملک و قوم کا بیڑہ غرق کرنے والوں کے جھوٹ و فریب میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کمر توڑ مہنگائی سے عوام مایوس ہو چکی ہے ہر طرف مایوسی کی وجہ سے عوام کی نظریں پی ڈی ایم پر ہیں اور پاکستان جمہوری تحریک حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں‘ مظالم اور بیروزگاری و مہنگائی کے خلاف صفہ اول کا کردار ادا کرتے ہوئے۔

سلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائیں گے دریں اثناء مولانا عبدالواسع نے سید محمد قذافی کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت اور جمہوریت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء وخطیب شاہ محمد حقانی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔