|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2020

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف ضلع کوئٹہ کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے اپنے ذاتی مفادات کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں، ان جماعتوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے اب صرف عمران خان کی قیادت میں ہمارے کارکن ان کے مقاصد ناکام بنا کر رہیں گے، ایاز صادق کا بیانیہ قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی ضلع کوئٹہ کے نائب صدر سید ظہور آغا، نجیب بڑیچ ودیگر نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید ظہور آغا نے کہا کہ آج ہم عمران خان کی ہدایت پر احتجاج کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں کرپٹ عناصر آصف علی زرداری اور نواز شریف نے قرضے لیے اور ملک کی معیشت کا دیوالیہ نکالا۔ مقررین نے کہا کہ عمران خان کرپٹ عناصر اور غریب عوام کو لوٹنے والوں کا صفایا کردیں گے، انہوں نے مودی کے ساتھ مل کر معیشت کو تباہ کیا اب ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں۔

عوام ان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر ان کے مذموم مقاصد ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے کبھی انڈیا کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی جھکائیں گے۔ فوج کے خلاف بیانیہ ایک مخصوص ٹولے کی اپنی سوچ ہے افواج پاکستان کی بے شمار قربانیاں ہیں، ایاز صادق کا بیان قابل مذمت ہے آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں وہ پاک فوج کی بدولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے اور ملک کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔