|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2020

خضدار: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد نے کہاہے کہ سیاست میں دوغلی پالیسی، مفاد پرستی اور عوام کو دھوکہ دہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، سیاست غریب اور امیر میں فرق کرنے کو ختم کرنے اور انصاف کو رواج دینے کا نام ہے، ہم نے ہمیشہ سیاست کو پیارو محبت کا مجموعہ قرار دیا اور اپنے سیاسی دوستوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہے ہیں۔

آئندہ بھی ہم سیاست میں پیارو محبت کے الفاظ تلاش کرتے رہیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل خضدا رپریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی، جنرل سیکریٹری منیر نور گرگناڑی نے آغا شکیل احمد خضداری سے ملاقات کی اور علاقے کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہاکہ اگر عوامی نمائندگی کا موقع ملا تو خضدار میں ماضی کی ناانصافیوں کا ازالہ کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے،آج ہم عہدے کے بغیر دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے جس انداز میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

اس کے باعث عوام کی جانب سے ہمیں بھر پورانداز میں پذیرائی مل رہی ہے۔ خضدار اس وقت بلوچستان کے بڑے شہروں میں شمار ہوتا ہے، جو آنے والے مستقبل میں بلوچستان کے لئے تجارتی حوالے سے جنکشن بننے والا ہے ہم چاہتے ہیں کہ خضدار کی ماسٹر پلاننگ کے تحت تعمیر و ترقی ہو، یہاں روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں خضدار کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔

اس کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے بلوچستان کے مسائل کا ایک طویل فہرست رکھا تھا انہوں نے ان مسائل کو بتدریج حل کرنے کی یقین دھانی کرادی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لئے جتنے بھی وسائل مہیاء کیئے جائیں وہ کم ہیں۔

وزیراعظم پاکستان کے دورہ جنوبی بلوچستان کا خیر مقدم کرتے ہیں،اور چاہتے ہیں کہ جنوبی بلوچستان کے لئے پیکج کا اعلان ہو تاکہ یہاں کے مسائل میں کمی آسکے۔ خضدار سمیت قرب و جوار کے علاقوں میں ایسے صنعتی یونٹس کھولے جائیں کہ جہاں نوجوانوں کو روزگا ر ملے اور غربت میں کمی آسکے۔