|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2020

کوئٹہ: ملک میں کورونا وائرس کی نئی لہر آنے کے باوجود بلوچستان کورونا ٹیسٹ کٹس کی کمی کا شکار ہوگیا،کورونا ٹیسٹ کٹس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں کورونا کے ٹیسٹ کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں دوروز کے دوران کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوسکا۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بلوچستان میں پچھلے چند روز سے کورونا ٹیسٹ کرنے والی کٹس کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے کٹس میں نمایاں کمی ہو ئی ہے۔

اور صوبے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف 207ٹیسٹ ہوسکے اسی طرح جمعرات کو 161ٹیسٹ ہوئے جبکہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں پچھلے دوروز کے دوران کورونا کا ایک بھی ٹیسٹ نہیں کیا جاسکا ہے اس سلسلے میں صوبائی سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کٹس کی سپلائی میں کافی کمی ائی ہے جبکہ بلوچستان حکومت کو کورونا کٹس مہیا کرنے والی کمپنی نے کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر رقم کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے سپلائی روک دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دو روز میں ادائیگی کا چیک کلئیر ہونے کے بعد کورونا ٹیسٹ کٹس کی سپلائی بحال ہوجائے گی۔