|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2020

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں ای پی آئی پروگرام کے طے شدہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے اور پروگرام کوریج کی وسعت کے لئے بہتر حکمت عملی کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے ٹھوس اقدامات اٹھانے  کی ہدایت کی ہے  کوئٹہ میں منعقدہ ای پی آئی سہ ماہی کاکردگی جائزہ اجلاس کی دو روزہ  تقریب کے اختتام پر صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سے خطاب کرتے ہوئے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے  کہا ہے کہ ہیلتھ کئیر سیکٹر میں اصلاحات کے لئے صوبائی حکومت پالیسی اور وسائل فراہم کرسکتی ہے تاہم اصلاحاتی ایجنڈے پرعمل درآمد کا انحصار محکمہ صحت کے مقامی انتظامی افسران پر ہے ضلعی سطح پر  ڈسٹرکٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ایک منظم ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا اور کاکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کوویڈ کے بعد بدلتی دنیا کی نئی جہت کے مطابق روایتی طریقہ انتظام و انصرام سے نکل کر ہمیں اپنی پرانی سوچ اور ایڈمنسٹریشن کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق  ڈھالنا ہوگا تاکہ عوام کو طبی شعبے میں سرکاری اقدامات سے عملی اور قابل محسوس ریلیف فراہم ہوسکے پارلیمانی سیکرٹری صحت نے بلوچستان کے بعض اضلاع میں ای پی آئی پروگرام پر عملدرآمد میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی افسران صحت کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام سے متعلق کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بلوچستان کے ضلعی ہیلتھ افسران کو دیگر صوبوں کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لئے بین الصوبائی دوروں پر بھیجا جائے گا جبکہ اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو بیرون ملک مطالعاتی تحقیقاتی اور جائزہ امور کے لئے بھیجا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں ای پی آئی کوریج کی وسعت  کو یقینی بنا کر عالمی اداروں کے اعتماد کی بحالی کو یقینی بنانا ہوگا۔

کیونکہ جب بھی ہم  اسلام آباد میں بلوچستان کا مقدمہ لڑتے ہیں تو اندرون صوبہ ہماری کارکردگی اور ڈلیوری  پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں   انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام کو بہتر بناکر ہمیں دوسرے صوبوں سے مقابلہ کرنا ہے اور اس کے بعد عالمی سطح پر اپنی کارکردگی منوانا ہے اس مقصد کے لئے ہم سب کو پوری تندہی اور محنت سے کام کرتے ہوئے اس تاثر کو زائل کرنا ہوگا کہ بلوچستان میں کام نہیں کیا جاتا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے۔

ای پی آئی پروگرام کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جائزہ اجلاس میں تجویز کردہ اہداف اور تجاویز پر عمل درآمد کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لیا جاتا رہے گا اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے ویڑن کے مطابق صوبے بھر میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہداف کے حصول کے لئے مخلصانہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی اجلاس میں ای پی آئی پروگرام کے صوبائی انچارج ڈاکٹر محمد اسحاق پانیزئی ڈپٹی انچارج ڈاکٹر نور حسن، ای او سی کے ڈاکٹر آفتاب  عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر بابر عالم اور دیگر ٹیم ممبران اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔