کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ نااہل حکومت کے کرتوتوں کا نتیجہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔مہنگائی بار بار مطالبات کے باوجود کنٹرول نہیں ہو رہی۔بے روز گاری بے قابو ہوتی چلی جا رہی ہے۔ غربت کی لکیر سے ہر روز لاکھوں لوگ نیچے جا رہے ہیں۔ ہمارا معاشی اعشاریہ ریورس ہو رہا ہے جماعت اسلامی ” اسلامی پاکستان خوشحال بلوچستان ”بنانے،ظلم وجبر کے خاتمے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔
قوم باربار دھوکہ دینے والوں کے بجائے جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ اس ملک میں حکمرانوں نے اور مختلف سیاسی جماعتوں نے اسلام کو ایک نعرے کے طور استعمال کیا ہے۔ الیکشن سے پہلے اسلام کااور مدینہ کی ریاست کا نام لیتے ہیں اور حکومت میں آنے کے بعد کبھی چین اور کبھی لندن کی طرح بنانے کی باتیں کی جاتی ہیں پاکستان میں جمہوریت لوگوں کو خوشحالی اور امن نہیں دے سکی۔ اس کی بنیاد ی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں خود جمہوریت نہیں۔
یہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں۔عام آدمی کسی پارٹی میں قیادت کی سطح پر نہیں پہنچ سکتا۔جاگیردار اور سرمایہ دار ہر جگہ قابض ہیں۔ حتی کہ کاروبار کے دروازے بھی عام آدمی کے لیے بند کرکے ان کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ مافیازنے ہر شعبہ زندگی کو یر غمال بنالیا ہے۔حکومت جن اعلانات اور وعدوں پر ووٹ لیکر آئی تھی اب ا ن سے انحراف کر رہی ہے اور اپنے اس ریورس اور یوٹرن کو اپنی جرات اور بہادری تصور کرتی ہے۔
پاکستان کسی بیانیے کے نتیجہ میں اپنی منزل مقصود تک نہیں پہنچے گا۔کوئی نعرہ،منشور یا تقریر پاکستانی عوام کی حالت نہیں بدلے گی عوام کی حالت بدلنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں صرف نعروں اورتقریروں پر چل رہی ہیں۔
محض زبانی بیانیہ کی صورت میں لولی پاپ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عوام ان تمام جماعتوں اور قیادتوں کو عمل کی میزان میں ناپنے اور تولنے کی کوشش کریں۔ جب عمل کے میدان میں ناپنے اور تولنے کی کوشش کرینگے تو جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی اس معیار پر پورا نہیں اترے گا۔