کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت فوری طور پراوستہ محمد،گنداخہ سمیت سمیت صوبے کے پسماندہ شہروں کے مسائل حل کریں عوام الناس وشہریوں کومسائل کے حل کیلئے تادم مرگ بھوک ہڑتال پربیٹھناحکومت کی ناکامی ہے اوستہ محمد سے ایک وزیر اعظم وتین وزرائے اعلیٰ گزرے ہیں مگرمسائل میں کمی کے بجائے روزبروزاضافہ ہورہاہے۔
نااہل حکمرانوں،بے حس منتخب نمائندوں اور بدعنوانی کی وجہ سے اوستہ محمد شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ہے بلوچستان میں کرپشن عروج پر ہونے اور احتساب نہ ہونے کی وجہ سے بڑے شہربھی دیہات بن رہے ہیں جماعت اسلامی کے تربیت یافتہ دیانت دار افرادمنتخب ہوئے توانشاء اللہ بلوچستان کے سلگتے دیرینہ مسائل ضرور حل ہوگی جماعت اسلامی مسائل کو اجاگرا ورحل کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آوازبلند کریگی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اوستہ محمدکے مسائل کے حل کیلئے لگائے گیے تادم مرگ بھوک ہڑتال کیمپ کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مرتضی خان خاکڑ،حاجی عبدالقیوم کاکڑ، عبدالرحمان بھی تھے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ اوستہ محمد گنداخہ کے معصوم عوام تمام بنیادی آئینی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔
بدقسمتی سے ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈزتو ریلیز ہوتی ہے کاغذات دستاویزات میں صوبے کے ہر شہر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں لیکن حقیقت میں صرف بدعنوانی ہورہی ہے اور بدقسمتی سے بدعنوانی رکھوانے کے بجائے احتساب کے اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔اوستہ محمد گنداخہ سمیت صوبے کے تمام بڑے شہر تباہ ہوگیے کوئی پوچھنے والا نہیں۔اضلاع میں زراعت ومعیشت تباہ ہوگئی ہے روزگار ختم،بجلی کی لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسرپوری کر دی ہے۔