کوئٹہ: بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری 13او ر14نومبر کو متوقع محکمہ پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ سمیت چار اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی، تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کوئٹہ، زیارت، قلعہ عبداللہ، ژوب میں جمعہ 13نومبر کی شب اور ہفتہ 14نومبر کو موسم سرماکی پہلی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
جسکی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے صورتحال کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلعہ عبداللہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے منگل کو لکھے گئے ایک مراسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کو الرٹ رکھتے ہوئے۔
پہاڑی علاقوں میں مقیم عوام کو ہدایات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ہیوی مشنری کی موجودگی کو یقینی بنائیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں گے جبکہ بندات اور پلوں کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ مراسلے میں محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔