|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام آسٹریلوی سرمایہ کاروں کوبلوچستان میں سرمایہ کاری پر راغب کرنے اورمختلف مواقع اجاگر کرنے کیلئے ایک ویب نار منعقد کیا گیا، جس میں آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر بابر امین، میلبورن میں قونصل جنرل، سردار عدنان راشد، سڈنی میں قونصل جنرل محمد اشرف، انویسٹمنٹ قونصلر حسن کانجی سمیت آسٹریلین سرمایہ کاراور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بڑی تعدد میں شرکت کی۔

اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے شرکاء کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی تعلقات، بلوچستان کی تجارتی و جغرافیائی اہمیت، صوبے کے مختلف شعبوں میں موجودسرمایہ کاری کے مواقع، حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات، سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، پاکستانی ہائی کمشنر بابرامین نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاروں کیلئے کئی مواقع پیش کرتا ہے۔

جن کیلئے آسٹریلوی تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، اس مقصد کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم کرنے کو تیار ہے جبکہ آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو بھی اس جانب راغب کیاجائیگا، انویسٹمنٹ قونصلر حسن کانجی نے کہاکہ آسٹریلوی سرمایہ کار بلوچستان کے مختلف شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جن کو سہولیات فراہم کر کے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی مائنز ایکسپلوریشن کمپنیاں دنیا کے مختلف خطوں میں کام کر رہی ہیں،بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں ان کمپنیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، اس موقع پر سوالات کا جواب دیتے ہوئے فرمان زرکون نے کہاکہ بلوچستان میں چھوٹے اور بڑے تجارتی منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن کی فزیبلٹی پر کام جاری ہے، تعمیراتی شعبے میں بے شمار مراعات اور ٹیکس ریلیف دیا جا رہا ہے۔

اس شعبے میں غیر ملکی تکنیکی معاونت اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ مائننگ کے شعبے میں لیز و دیگر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال تبدیل ہو چکی ہے 30غیر ملکی کمپنیاں یہاں بلا جھجک کام کر رہی ہیں، بلوچستان کے بارے میں جو منفی تاثر تھا اسے ہم زائل کر رہے ہیں سرمایہ کاروں کے دوروں کا خیر مقدم کرینگے تاکہ وہ آکر خود صورتحال کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سیاحت کا شعبہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ساحلی پٹی پر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی سیاحت کے حوالے سے اہم و خوبصورت مقامات موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں بہت کام کر رہی ہے آئی ٹی پارکس بنائے جا رہے ہیں، ان منصوبوں کیلئے بھی ٹیکسوں میں چھوٹ اور دیگر مراعات دی جا رہی ہیں۔