|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کی گلگت بلتستان کی کامیاب انتخابی مہم کے نتیجے میں مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان میں الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی، گلگت سمیت پاکستان بھر کی عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑی ہے مسلم لیگ(ن) ہی عوام اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریگی۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مریم نواز شریف کی انتخابی مہم کو گلگت بلتستان کی عوام نے بھر پور انداز میں سراہا اور انکے جلسوں میں بھر پور شرکت کر کے ثابت کیا کہ عوام مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے اور دھاندلی نہ کی گئی تو الیکشن میں مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

حکومتی وزراء کی بھر پور کوششوں کے باوجود بھی انہیں گلگت بلتستان میں وہ پذیرائی نہ مل سکی جو مریم نواز اور مسلم لیگ(ن) کو اپوزیشن میں ہوتے ہوئے ملی ہے عوام نے مسلم لیگ(ن) کا ساتھ اس لئے دیا ہے کیونکہ پارٹی نے ہمیشہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اقدامات کئے میاں نواز شریف کی قیادت میں پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ملک میں ترقی کی نئی شاہراہیں کھلیں،میگامنصوبے بنے اور عوام کی اقتصادی حالت میں بہتری آئی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت میں ملک کی ترقی کی شرح 5فیصد سے تجاوز کر گئی تھی جو آج کم ہوکر منفی میں چلی گئی ہے حکومت نے ملکی معیشت کر تباہ کردیا ہے جسکا براہ راست اثر عام آدمی کی زند گی پر ہوا ہے عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اس سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ انتخابی مہم میں کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے اقدامات کئے گلگت کی عوام نے پارٹی کو مینڈیٹ دیا تو انکے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔