نوشکی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ضلعی صدر چیف آف رخشانی سردار پرنس قادر بلوچ نے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ تربت گوادر بلوچستان کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ خوش آئند ہے وزیر اعظم کے دورہ سے امید ہے کہ وہ بلوچستان کے احساس محرومی کے خاتمے سمیت مختلف مسائل کے حل و ترقی کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرکے۔
اہل بلوچستان کے دل جیت لیں گے،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت میں بلوچستان پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے بلوچستان میں سی پیک کے تحت شاہراہوں کی بڑے پیمانے پر تعمیرات کا کام زور و شور سے جاری ہے ان شاہراہوں کی تعمیر اور سی پیک کے مختلف منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اس سے قبل سابق حکومتوں نے بلوچستان کے عوام کو صرف لولی پاپ دیا ہے۔
سابق حکمرانوں نے ہمیشہ بلوچستان کے پسماندگی غربت احساس محرومی اور انفراسٹرکچر کی زبوں حالی پر صرف مگرمچھ کے آنسو ہی بہائے ہیں جبکہ عملی طور پر بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور جائز حقوق کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے جس سے صوبہ ترقی کے بجائے مزید پسماندگی کا شکار ہوا ہے اور بلوچستان ترقی کے دوڑ میں دیگر صوبوں سے بہت پیچھے ہے۔
مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور خصوصا وزیر اعظم عمران خان نے بلوچسان کی احساس محرومی پسماندگی کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پر منصوبوں کا آغاز کیا ہے گوادر بندرگاہ کو فعال بنایا جارہا ہے جبکہ صوبے بھر میں قومی شاہراہوں کی تعمیر انہیں دو رویہ بنانے کے لئے کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔