کوئٹہ: سیکرٹری ماحولیات عبدالصبور کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے ماحول کو بہتر بنانے اورآلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں شہر کے مضافات میں موجود کرش پلانٹس کی منتقلی کی تجویز زیر غور ہے۔ یہ بات انہو ں نے محکمہ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات جہانگیر کاکڑ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کرش پلانٹس زراعت اور انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے جن کی فوری منتقلی نا گزیر ہے۔
سیکرٹری ماحولیات عبدالصبور کاکڑ نے کہا کہ شہر کے ماحول کو صحت افزا اور صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔نواحی علاقوں میں واقع کرش پلانٹس نہ صرف شہر کی فضا کو آلودہ کر رہے ہیں بلکہ انسانی صحت کیلئے مضر ہیں جن کی شہر سے باہر منتقلی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ جبکہ غیر قانونی کرش پلانٹس کو فوری طور پر سیل کر دیں گے۔ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس میں ڈی جی مائننگ عبداللہ شاہوانی‘دیگر متعلقہ حکام اور کرش پلانٹس مالکان بھی موجود تھے۔