|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2020

مستونگ: گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی مرکزی کابینہ کی احتجاجی شیڈول کے مطابق آج مورخہ 12 نومبر 2020 کو ضلع مستونگ میں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع مستونگ کے زیر اہتمام ضلع کیچ کے 114 مرد و خواتین اساتذہ کی جبری برطرفی کے خلاف اور ان کے بحالی کے حق میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرے جی ٹی اے بی ضلع مستونگ کے ضلعی صدر حاجی عبد العلیم سارنگزئی،ضلعی چیئرمین عزیزاللہ سمالانی،جی ٹی اے بی ضلع مستونگ کے سینئر رہنما عبدالرسول بنگلزئی اور محمد اسحاق لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ کے 114 جبری برطرف اساتذہ کرام کی جبری ملازمتوں سے برطرفی کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ایک طرف حکومت وقت عوام کو روزگار فراہم کرنے کا راگ الاپ رہی ہے۔

تو دوسری جانب ضلع کیچ کے اساتذہ کرام کو ملازمتوں سے جبراً برطرف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی اے بی اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ہے اور وہ اساتذہ کے حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گی ضلعی صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ٹی اے بی ضلع مستونگ ضلع کیچ کے اساتذہ کی شانہ بشانہ اس جدوجہد میں کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔