|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2020

تربت: مشیر فشریز بلوچستان حاجی میر اکبر آسکانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام میر کمال خان کی آسکانی ہاؤس آمد پر ڈسٹرکٹ کیچ کے اساتذہ کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی حال احوال میں ان اساتذہ کے مسائل اور بحالی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ کیچ دور دراز اور دشوار علاقوں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے روزگار کے ذرائع بھی انتہائی محدود ہیں اور ان اساتذہ اور انکے لواحقین جہاں نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔

وہاں ان دوردراز علاقوں کے تعلیمی معیار پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اس موقع پر سی ایم بلوچستان نے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ان اساتذہ کی بحالی اور دشوار گزار علاقوں کے تعلیمی مسائل کا بخوبی احساس ہے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دینگے اور خالصتاً انسانی بنیادوں پر ان اساتذہ کے مسائل کو حل کریں گے انھوں نے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بہت جلد یہ مسئلہ حل ہو گا۔

اور ان اساتذہ کو بحال کیا جائیگا جبکہ مشیر فشریز حاجی میر اکبر آسکانی نے سی ایم بلوچستان کے اساتذہ کی بحالی میں خصوصی دلچسپی اور یقین دہانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار میں صرف ذاتی سیاسی مفادات کے لئے کھوکھلے وعدے کئے جاتے رہے ہیں۔

ہم نے ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھ کر جدوجہد کی ہے اور ہمارے دروازے عام عوام کے لئے بلاتفریق کھلے ہیں منفی اور دروغ گوئی کے سیاسی رواج کو بدل کر رہے گے نیک نیتی اور سچائی کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گے۔