کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمد بلیدی نے کہاہے کہ وزیراعظم کی جانب سے جنوبی بلوچستان کیلئے پیکج سے مذکورہ علاقوں کی بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور لوگ معاشی طور پر خوشحال ہوں گے بلکہ ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں گی،منصوبے کے تحت ہوشاب تا آواران،تربت وپنجگور تک سڑک، تربت یونیورسٹی توسیع،گیشکور ڈیم،مکران میڈیکل کالج میں 350بیڈز کا جدید ہسپتال سمیت دیگر شامل ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔میر ظہوراحمد بلیدی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز تربت میں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے ترقیاتی پیکج کااعلان کیاگیا جس میں بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور معاشی خوش حالی آئے گی اور اس کے نتیجے میں لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں گی۔
ظہور بلیدی کے مطابق آواران کو پہلی مرتبہ پختہ سڑک کے ذریعے بلوچستان کے باقی شہروں سے جوڑنے کے لیے ہوشاب تا آواران روڈ، ایران سے ملحقہ سرحدی علاقوں مند، زعمران، بالگتر اور پروم سے مرکزی شہر تربت اور پنجگور تک سڑک کے منصوبے پیکج کا حصہ ہوں گے۔
تربت یونیورسٹی کی توسیع، گیشکور ڈیم، ضلع کیچ میں ٹراما سینٹر اور مکران میڈیکل کالج میں 350 بستروں پر مشتمل ایک جدید ہسپتال کی تعمیر، سول ہسپتال تربت کی اپ گریڈیشن اور دیگر کئی منصوبے بھی پیکج میں شامل ہیں۔