کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے سپورٹس فنڈز کی من پسند افراد میں تقسیم کے حوالے ڈی جی سپورٹس بلوچستان اور اینٹی کرپشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس امر کی انکوائری کو قانون کے تحت مقررہ مدت میں پائیہ تکمیل تک پہنچائیں بلکہ سیکرٹری سپورٹس اور کلچر اور ڈی جی سپورٹس بلوچستان اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ سرکاری رقوم سختی سے قانون اور قواعد کے مطابق استعمال کی جائیں۔
تاکہ عوامی فنڈز کی کسی بھی قسم کے غلط استعمال کو روکا جائے یہ حکم بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل بینچ نے درخواست گزار شیر علی کاکڑ چیئرمین بلوچستان اسکوائش کے ائینی درخواست نمبر 1063/2020 کی سماعت کے موقع پر دیا درخواست گزار نے چیف سیکرٹری و دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہ موقف اختیار کیا کہ محکمہ سپورٹس بلوچستان نے خلاف قانون دو من پسند اشخاص کو کروڑ روپے سپورٹس کے نام پر جاری کیں۔
ہیں جن میں ایک نے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے کا سرکاری چیک اپنے ذاتی اکاونٹ کیش کروایا ہے اور اینٹی کرپشن نے ایک انکوائری/ تفتیش سپورٹس بورڈ کی کچھ رقم کی بابت جو کہ مبینہ طور پر کچھ پرائیویٹ افراد کے اکاونٹ میں منتقل کی گئی شروع کی ہے اگر اینٹی کرپشن کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ اس انکوائری کو جلد از جلد مکمل کرے اور مزید استدعا کی کہ اگر محکمہ سپورٹس بلوچستان کو مزید کسی فنڈ کی کسی پرائیویٹ فرد کو ٹرانسفر کرنے سے روک دیا جائے۔
تو اس پٹیشن کو داخل کرنے کا مقصد پورا ہو جائے گا۔ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل اور مدعا الیہان نمبری 6 تا 8 کے وکیل نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ فاضل ایڈوکیٹ نے بیان کیا کہ اگر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اس معاملہ پر کاروائی شروع کر دی ہے تو وہ قانونی طور پر پابند ہے کہ اس معاملہ کو قانون کے مطابق میرٹ پر جلد از جلد نمٹائے۔ انہوں نے مزید بیان کیا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ سرکاری رقوم یا فنڈز کو قانون اور قواعد کے تقاضے پورے کئے بغیر کسی پرائیویٹ فرد کے اکاونٹ میں منتقل کیا جائے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ سپورٹس کے یہ فنڈز، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور ہر محکمہ قانون کے مطابق استعمال کررہے ہیں۔
عدالت نے قرار دیا ہے کہ متذکرہ بالا کے مطابق ڈی جی سپورٹس اور اینٹی کرپشن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس امر کی انکوائری کو قانون کے تحت مقررہ مدت میں پائیہ تکمیل کو پہنچائیں کہ اگر سپورٹس حکومت بلوچستان کے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے ایسے کسی فنڈز کا اجراکیا ہے۔ اسی طرح سکریٹری سپورٹس اور کلچر اور ڈی جی سپورٹس کو اس امر کو یقینی بنانا چاہیئے کہ سرکاری رقوم سختی سے قانون اور قواعد کے مطابق استعمال کی جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے غلط استعمال کو روکا جائے۔