کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ موجودہ ناکام نااہل حکومت سابقہ صوبائی ومرکزی حکومتوں کا تسلسل ہے ہر وعدے کی خلاف ورزی کو یوٹرن کا نام دینے والے حکمران عوام کے مسائل ومشکلات کے ذمہ دارہیں جماعت اسلامی عوام کو مشکلات پریشانیوں ولٹیروں سے نجات دلائیگی قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔موروثی پارٹیاں پراپرٹیاں بن گئی۔
جن کے ثمرات اپنی ذات وخاندان تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مخلص محب وطن عوام پر73سال سے مسلط ظالم جاگیر دار اوربدعنوان سرمایہ دارحکمران مسلط ہیں جومظلوم عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔اس حکومت نے بھی گزشتہ ڈھائی سال میں عوام کی گردن مروڑنے اور خون نچوڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔نئی حکومت نے نوجوانوں کو تعلیم اور روز گار سے محروم کیابلوچستان حکومت کی ترقیاتی کام بھی صرف سوشل میڈیا پر ہے۔
عملی اور حقیقی اقدامات نہ ہونے کے برابرہیں غریب پریشان عوام کے مسائل میں بدترین اضافے کے ذمہ دارگزشتہ وموجودہ صوبائی ووفاقی حکومتیں ہیں۔بدقسمتی اور دشمن کی ایماء پرپاکستان کے اسلامی تشخص کو مذاق بنایا،ہماری تہذیب اور نظریے کا مذاق اڑایا اور ہمارا حال اور مستقبل تباہ کیا۔وعدہ خلا ف حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے اور پچاس لاکھ بے گھروں کو گھر دینے کا اعلان کرنے والوں نے کوئی ایک گھر بنایا نہ کسی ایک بے روز گار کو روز گار دیا۔
حکمرانوں نے اپنے دواڑھائی سال میں چالیس لاکھ سے زیادہ لوگوں کو روزگار اور ہزاروں کو چھت سے محروم کیا۔موجودہ حکومت کے مختصر دور میں آٹے چینی اور گھی کی قیمتیں دواور تین گنا بڑھ گئی ہیں۔اشیائے خورد ونوش عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔
مزدور اور کسان فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور وزیر اعظم دعوے کررہے ہیں کہ ملک ترقی کررہا ہے۔صوبائی حکومت ناکامی ونااہلی میں وفاقی حکومت کے نقش قدم پر ہے قوم کو تباہ کرنے میں اپوزیشن وحکومت برابر کے شریک ہیں قوم نے ہوشن کا ناخن نہ لیا اور جماعت اسلامی کا ساتھ نہ دیاتوخدانخواستہ مزید تباہی وبربادی ہوگی۔