کوہلو: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما محراب بلوچ،صوبائی ریجنل ڈپٹی سیکرٹری عرض بلوچ،ضلعی جنرل سیکرٹری وڈیرہ علی نواز مری،ڈپٹی جنرل سیکرٹری کامریڈ امام بخش مری،تحصیل صدر جلال خان،صالح بلوچ و دیگر نے نیشنل پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گیس سلنڈر کوہلو کی تاریخ کا افسوسناک واقع ہے جہاں دو درجن کے قریب کم سن بچے جھلس کر زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔
جبکہ سات بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے،اتنے بڑے سانحے پر صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیاگیا جو کہ افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ نااہل حکومتیں اتنی بے بس ہوچکی ہیں کہ اتنے بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع خصوصاً معصوم بچے جو کہ خوشی کی تقریب میں شریک ہوئے تھے افسوسناک واقع میں جھلس کرشدید زخمی ہوئے ہیں۔
مگر انتظامیہ سمیت حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔سانحے کے فوری بعدصوبائی اور وفاقی حکومتوں نے نہ صرف بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا بلکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی مدد کرکے مشکل کے اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا تھا۔
انہوں نے وزیراعلی بلوچستان سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقع میں زخمی ہونے افراد کو فوری طورپربہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مالی تعاون کرکے ان کے مشکلات کم کرنے میں ان کی مدد کریں وگرنہ وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت انتظامیہ کی نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف بلوچستان بھر میں مظاہرے کئے جائینگے۔