|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان سر مایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے ویب نارز کا سلسلہ کامیابی کیساتھ جاری ہے جس میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کی استعداد اور مواقع کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے کی اگلی ویب نار سلطنت اومان کے سرمایہ کاروں کیساتھ جلد منعقد ہوگی۔

اومان کے سفارتخانے کے توسط سے ہونیوالی یہ ویب نار اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہو گا جو اس سطح پر منعقد ہو گا، انہوں نے کہا کہ سلطنت اومان کیساتھ پاکستان کے تاریخی، ثقافتی دوستانہ تعلقات قائم ہیں ان تعلقات کو پروان چڑھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیا ن تجارت کا فروغ وقت کی اہمیت ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اومان کے سرمایہ کار بلوچستان خصوصاً گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،گوادرپورٹ اومان سے نزدیک ہونے کے باعث بھی اومانی سرمایہ کاروں کی خصوصی دلچسپی کا حامل ہے، ویب نار میں ان مواقع کے بارے میں تجاویز پر بھی غور کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاروں کی جنت ہے، معدنی وسائل، زراعت اور ساحلی پٹی میں سرمایہ کاری ہونے سے یہ شعبے صوبے کی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔