|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2020

کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر کی زیر صدارت موسم سرما میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں برفباری میں قومی شاہراہوں کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی و ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ سیکرٹریز، ڈی جی پی ڈی ایم اے بھی موجود تھے۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت برفباری اور ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور قومی شاہراہوں کی بحالی،متاثرہ افراد کو فوری ریلیف پہنچانے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے سے متعلق انتظامات کرنیکی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر اجلاس کو انتظامات اور ریلیف سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ قدرتی آفات اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید مشینری کے جلد حصول کو یقینی بنایا جائے تاکہ برفباری شروع ہونے کی صورت میں سڑکوں کی بروقت صفائی کو ممکن بناتے ہوئے۔

شاہراہوں کو بحال کیا جا سکے۔انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال شدید بارشوں اور برفباری سے عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں جبکہ صوبائی حکومت برفباری شروع ہونے سے قبل ہی تمام اہم شاہراہوں پر ریلیف کیمپ قائم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی خوراک کیلیے بھی اقدامات کیے جائینگے۔