|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2020

ٹنڈوالہ یار: گذشتہ دنوں ٹنڈوالہیار میں قتل ہونے والے سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما الطاف جسکانی کے قتل پر اندرون سندھ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی،نماز جنازہ ٹنڈوالہیار میں ادا کی گئی ڈاکٹر قادر مگسی،نیاز کالانی،پنہل ساریو سمیت ہزاروں افرار کی شرکت،واضح رہے گزشتہ روز سندھ ترقی پسند کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

واقعہ کے بعد سندھ ترقی پسند کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ بھر میں جمعرات کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی تھی جس پر ٹنڈوالہیار ضلع سمیت مٹیاری،ٹنڈومحمدخان،بدین،جامشورو،حیدرآباد قاسم آباد،نواب شاہ،میرپورخاص،سمیت سندھ کے مختلف شیروں میں شٹر ڈاؤن ھڑتال رہی جب کہ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے جس میں قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا جب کہ سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ نے ٹنڈوالہیار میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الطاف جسکانی کا قتل ایک بے رحمانہ سازش ہے یہ ایک سیاسی قتل ہے۔

اور اب ان سیاسی ہاتھوں کو ڈھونڈنا ہے الطاف جسکانی کے قتل میں جو ملوث ہیں ان کے نام ایف آئی آر میں درج ہیں اب قاتلوں کی گرفتاری کی ذمہ داری ایس ایس پی اور ریاست کی ہے ہم اپیل کرتے ہیں کہ ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی جائے انہوں نے کہا کہ قتل کا مقدمہ اسلم رند نامی شخص پر درج ہوا ہے اسلم رند پہلے ایم کیو ایم کا کارکن تھا اب پی ٹی آئی کا کارکن ہے انہوں نے مزید کہا کہ پولیس پراعتماد ہے اور ایس ایس پی رخسار کھاوڑ محنتی آفیسر ہے اور اگر پولیس نہیں ڈھونڈے گی تو ہم خود ان کو ڈھونڈیں گے چھوڑیں گے نہیں انہوں نے کہا کہ جن کا نام مقدمہ میں درج ہے۔

پولیس کہتی ہے وہ ایک ہفتہ قبل اپنا سب کچھ فروخت کر کے چلے گئے اب دور ہے جیو فنسنگ ہے وہ پہاڑوں میں بھی چھپ جائے پر بچ نہیں سکیں گے اور الطاف کا خون رائیگاں نہیں جائے گاایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف کا جھگڑا کچھ عرصہ قبل ایم کیو ایم والوں سے بھی ہوا تھا جس میں ہمارے ساتھی شہید اورزخمی ہوئے تھے سنا ہے اس میں ملوث ایم کیو ایم کے لوگ آزاد ہو کر آگئے ہیں ہمیں لگتا ہے یہ واقعہ دونوں گروپوں کی ہی سازش ہے اب واقعہ کی انکوائری کرنا پولیس اور ریاست کا کام ہے اور امید ہے الطاف کے قاتل جلد گرفتار ہو جائیں گے۔

آخری اطلاعات تک الطاف جسکانی کے قتل کی ایف آئی آر ان کے بھائی ذیشان جسکانی نے Aسیکشن تھانے درج کرادی ھے جس میں ایم کیو ایم کے کارکن بھولو خانزادہ،جب کہ رند برادری کے افراد اسلم رند،ضمیررند،پپورند سمیت دو نامعلوم افراد کو نامزد کیاہے۔