|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2020

دالبندین: آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ڈبل ڈور پک اپ اور کار گاڑی کے درمیان تصادم ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی، ایک ہفتے کے دوران آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز دالبندین بازار کے قریب واقع قومی شاہراہ پر واقع گیس پلانٹ کے مقام پر تیز رفتار ڈبل سیٹر گاڑی اور وٹز کار گاڑی آپس میں ٹکرانے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فتح محمد سکنہ بدل کاریز نوشکی سے ہوئی شدید زخمی ہونے والے خیرجان ولد میراجان کا تعلق گردی جنگل سے ہے۔

جاں بحق اور زخمی شخص کو کیو آر ایف لیویز فورس کی ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال دالبندین منتقل کر دیا گیا مرنے والے شخص کی میت ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ شدید زخمی ہونے والے کو مذید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اسی قومی شاہراہ پر دالبندین تا تفتان ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ایک درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

مذکورہ شاہراہ پر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے سبب اکثر و بیشتر حادثات جنم لیتے ہیں کیونکہ یہاں پر کم سن لڑکے یا نا تجربہ کار لوگ گاڑیاں چلاتے ہیں دوسری جانب گاڑیوں کی رفتار۔کنڈیشن۔وزن اور دیگر سامان وغیرہ چیکنگ کرنے کے لیے کوئی ادارہ یا انتظام نہیں۔دور دراز علاقوں میں پیش آنے والے حادثات کے زخمیوں کو بھی سینکڑوں میل دور دالبندین کے ہسپتال پہنچا دیا جاتا ہے۔

جس سے بعض اوقات زخمیوں کی موت واقع ہوجاتی ہے عوامی وسماجی حلقوں نے کوئٹہ ٹو زاہدان بین الاقوامی شاہراہ پر ہائی وے پولیس کی تعیناتی اور گاڑیوں کی تیز رفتاری کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے کا مطالبہ کردیا ہے تاکہ اس اہم شاہراہ پر ٹریفک حادثات کو کنٹرول کر کے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو بچایا جا سکے۔