|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2020

گوادر: ماہی گیروں کا عالمی دن سرکاری سطح پر منانے کی منظوری دی جائے۔ مرحوم ناخدا خدا بخش ملگ کا ماہی گیروں کی جدو جہد کے لئے کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ماہی گیروں کا ساحلوں پر حق ملکیت تسلیم کیا جائے۔ دیمی زر ایکسپریس وے کے منصوبے سے متاثر ہونے والے مقامی ماہی گیروں کے روزگار کو وعدے کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ماہی گیروں کے عالمی دن کے موقع پر ماہی گیروں کی قدیم بستی ڈھوریہ میں منعقدہ سیمینار بیاد مرحوم بزرگ ماہی گیر رہنماء ناخدا خدا بخش ملگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد گوادر ماہی گیر اتحاد اور پاکستان فشر فوک فورم کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں ناخدا خدابخش ملگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ناخدا بخش ماہی گیروں کی توانا اور موثر آواز تھے۔

مرحوم نے ہمیشہ ماہی گیروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدو جہد کی اور مرتے دم تک ماہی گیروں کے لئے آواز بلند کرتے رہے جن کی قربانیاں کبھی بھی فراموش نہیں کی جاسکتی۔ مقررین نے کہا کہ آج دنیا بھر میں ماہی گیروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے لیکن گوادر کے مقامی ماہی گیروں کے شب و روز نہیں بدلے اور نہ ہی ان کا روزگار محفوظ ہے۔ مقررین نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں ماہی گیری کے شعبہ کو مکمل طور پر صنعت کا درجہ حاصل ہے۔

اور ماہی گیروں کی سرکاری سطح پر سر پرستی بھی کی جاتی ہے لیکن یہاں کا ماہی گیر اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے، اب تک پائیدار ماہی گیر پالیسی کا نفاذ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ماہی گیروں کے روزگار کو قانونی تحفظ حاصل نہیں۔ مقررین نے کہا کہ ماہی گیر اس وقت خوشحال ہونگے جب ان کے روزگار کو قانونی درجہ دیا جائے جس کے بعد ماہی گیروں کی فلاح و بہبود اور مراعات کا حصول ممکن بن جائے گا۔

مقررین نے کہا کہ ساحلوں پر پہلا حق ماہی گیروں کا ہے، ماہی گیروں کا ساحلوں پر حق ملکیت تسلیم کیا جائے۔ گوادر دیمی زر ایکسپریس وے کے منصوبے سے متاثر ہونے والے مقامی ماہی گیروں کے روزگار کو وعدے کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے اور ماہی گیروں کا عالمی دن سرکاری سطح پر منایا جائے۔ مقررین میں گوادر ماہی گیر اتحاد کے صدر خداداد واجو، پاکستان فشر فوک فورم کے صدر اقبال واڈو اور ماہی گیر کارکن حسن ندیم شامل تھے۔

سیمینار میں گوادر کے سینئر صحافی سلیمان ہاشم نے ناخدا خدابخش ملگ کے حوالے سے اپنا مقالہ پیش کیا۔ جبکہ ڈائریکٹر ماحولیات جی ڈی اے گوادر عبدالرحیم نے ماہی گیروں کے عالمی دن کے حوالے سے طے شدہ مقاصد سے شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔

سمینار میں متعدد قراردادیں بھی پیش کئے گئے جس میں صوبائی اسمبلی سے ماہی گیری کے شعبہ کو صنعت کا درجہ دلانے، ڈیپ سی فشنگ ٹرالرنگ کی اجازت کی منسوخی اور دیمی زر میں زیر تجویز گودی کے آکشن ہال کو مرحوم بزرگ ماہی گیر رہنماء خدابخش ملگ کے نام منسوب کرانے کی قراردادیں شامل تھیں۔