|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2020

کوئٹہ: شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ میں ڈائلیسز سنٹر کا افتتاح کیا گیا۔ ڈائلیسز سنٹر کا افتتاح ہسپتال کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر داد محمد خواجہ خیل نے کیا، اس موقع پر کوآرڈینیٹر ڈائلیسز سینٹر بلوچستان ڈاکٹر شوکت علی، ڈائلیسز ٹیکنالوجسٹ حاجی نذیر احمد گچکی، ڈائلیسز انجینئر محمد سلمان، ایم او ڈاکٹرخلیل احمد ترین اور دیگر ڈائلیسز ٹیکنیشنز بھی موجود تھے۔

شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ میں محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے توسط سے ڈائلیسز سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سینٹر میں اس وقت چار ڈائلیسز مشین نصب کی گئی ہیں، ہسپتال میں ڈائلیسز سینٹر کے قیام سے صرف ضلع مستونگ کے مریض ہی نہیں بلکہ دیگر قریبی اضلاع کے غریب اور مستحق مریض بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ ڈائلیسز سینٹر کا قیام یہاں کی عوام کے لئے بہت بڑی سہولت ہے۔

اس سے قبل مریضوں کو ڈائلیسز کے لئے کوئٹہ جانا پڑتا تھا جو کہ ایک تکلیف دہ عمل تھا۔ اب مستونگ کے مریضوں کو ان کی دہلیز پر یہ سہولت میسر آگئی۔شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ کے ڈائلیسز سینٹر میں آج باقاعدہ طور پر دو مریضوں کا ڈائیلیسز کیا گیا۔