|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہوگا، پشاور حکومت کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ دینا قابل مذمت ہے، ملک کو کورونا سے اتنا خطرہ نہیں جتنا خطرہ موجودہ حکمرانوں سے ہے جنہوں نے دو سال کے عرصے میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، عوام پر مہنگائی، بے روزگاری کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔

آج متوسط طبقے کے لوگ بھی مہنگائی کے سامنے عاجز آچکے ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لئے اجازت نہ دیناحکومتی بوکھلاہٹ کی عکاس ہے ایک طرف حکومتی سطح پر تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے بلکہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے لئے حکمران خود جلسے منعقد کرواتے رہے اور ان میں شرکت کرتے رہے مگر جب اپوزیشن جماعتیں کے جلسے کا وقت آپہنچتا ہے۔

تو کورونا کا واویلا شروع کیا جاتا ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں کا پشاور میں جلسہ ہر صورت میں ہوگا۔ عوام اب حکمرانوں کے جھوٹے دعوؤں اور وعدوں میں نہیں آنے والی، سب نے دیکھ لیا ہے کہ حکمرانوں نے برسراقتدار آنے کے بعد ملکی معیشت کا کیا حال کردیا ہے آج اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی بجائے برسرروزگار افراد کو فارغ کیا جارہا ہے۔

ملک میں ترقیاتی کاموں کے دعوے کرنے والوں کو آئے روز ملک کے تمام شہروں میں بنیادی حقوق کے لئے احتجاج کرنے والے نظر نہیں آرہے ہیں۔ بلوچستان میں لوگوں کو ریلیف تو دور کی بات گیس، بجلی اور صاف پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے تاہم اب ایسا نہیں چلے گا، پی ڈی ایم حکمرانوں کو گھر بھیج کر ہی دم لے گی۔