|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2020

صحبت پور: بلوچستان نیشنل پارٹی قومی جمہوری بڑی جماعت ہونے کے ناطے محرومیوں‘ پسماندگی‘ بدحالی کے خاتمے کیلئے حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں ہمارے جہد کا مقصد بلوچستان کے بلوچ و دیگر اقوام کے حقوق کا حصول ہے جس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے بلوچ مسئلے کا حل طاقت نہیں اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا ہے عوامی طاقت کے ذریعے ہمیشہ حقوق کی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایم این اے آغا حسن بلوچ‘ پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری ایم پی ایز پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی‘ پارٹی کے مرکزی رہنماء میر خورشید جمالدینی‘ مرکزی کمیٹی کے ممبران میر نذیر کھوسہ‘ میر عبدالغفور مینگل‘ عبدالحمید کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میر سکندر شاہوانی‘ احسان کھوسہ‘ ملک محی الدین لہڑی‘ ڈاکٹر علی احمد قمبرانی‘ رفیق بلوچ حاصل کشانی‘ لیاقت کھیازئی‘ الطاف بلوچ‘ محراب کھیازئی و دیگر بھی موجود تھے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نصیر بلوچ نے سرانجام دیئے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلسل جہد وطن کی خاطر ہے۔

ہم جمہوری لوگ ہیں جمہوریت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں جمہوریت مضبوط ہوگی تو بہت سے مسائل حل ہونگے بلوچستان کے معاملات کو جمہوری طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی بلوچستان وسائل سے مالا مال سرزمین ہے لیکن آج بلوچستان کا گرین بیلٹ نصیر آباد ڈویژن کے عوام پسماندگی کی زندگی گزار رہے ہیں یہ باعث افسوس ہے کہ بلوچستان کے عوام معاشی‘ معاشرتی پسماندگی کا شکار ہیں۔

ہونا تو یہ چاہئے کہ بلوچستان کے عوام خوشحالی و ترقی کے منازل طے کرتے مگر ہم آج بھی سہولیات سے محروم ہیں جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق کے حصول کی جہد کرتے رہے ہیں بی این پی بلوچ قومی تشخص‘ بقاء‘ سلامتی‘ جملہ مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی مستقبل میں بھی ہماری جہد مسلسل جاری رہے گی ضلعی کنونشن کے آخر میں الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے چیئرمین ملک نصیر شاہوانی جبکہ ممبران میں میر خورشید جمالدینی‘ عبدالغفور مینگل شامل تھے۔

انتخابی نتائج کے مطابق عبدالحمید کھوسہ ضلعی صدر‘ عبدالشکور سمالانی سینئر نائب صدر‘ ڈاکٹر عبدالحمید مینگل نائب صدر‘ فیض محمد کھوسہ جنرل سیکرٹری‘ پرویز بلیدی ڈپٹی جنرل سیکرٹری‘ صفدر کھوسہ جوائنٹ سیکرٹری‘ شہباز کھوسہ انفارمیشن سیکرٹری‘ عبدالسلام مینگل فنانس سیکرٹری‘ مس طاہرہ بی بی خواتین سیکرٹری‘ لیاقت علی بلیدی لیبر سیکرٹری‘ محمد رفیق بلیدی کسان و ماہی گیر سیکرٹری‘ محمد صلاح پروفیشنل سیکرٹری‘ غلام قادر ہیومن رائٹس سیکرٹری منتخب ہوئے اس موقع پر الیکشن کمیٹی کی جانب سے امید کا اظہار کیا گیا کہ نو منتخب کابینہ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط و منظم بنانے میں اپنا سیاسی و عملی کردار ادا کریں گے۔