تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ نے تربت شہر اور گردونواح میں پٹرول اور ڈیزل کے کاروبار کرنے والوں کو دفتر طلب کر کے انہیں شہر سے باہر کاروبار کرنے کی ہدایت کردی، پٹرول کی دکانوں پر جنریٹر چلانے کی بھی ممانعت ہوگی۔ڈپٹی کمشنر کیچ میجر محمد الیاس کبزئی نے گزشتہ روز تربت شہر اور گردونواح میں پٹرول کے کاروبار کرنے والے دکان دار اور ڈپو مالکان کو اپنے دفتر طلب کر کے انہیں آئندہ شہر سے باہر کاروبار کرنے کے ساتھ دکان مالکان کو صرف ایک ڈرم۔
؎دکانوں میں رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ ڈپو اور بڑے پیمانے کے کاروبار شہر سے باہر کیا جائے اور دکانوں میں جنریٹر کا استعمال بھی نہ کیا جائے تاکہ آتشزدگی یا کوئی اور ناگہانی صورت حال پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر پٹرولیم دکانوں کی وجہ سے بڑے حادثات پیش آئے جس کا بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکان دار ایک ہفتے کے اندر ڈپو شہر سے باہر منتقل کردیں اگر آئندہ کسی دکان میں آتشزدگی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا تو ایسے دکان دار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر دکان مالک پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔