|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچ پشتون عوام مل کر اپنے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے، بلوچستان کی ترقی کے لئے قوم پرست اور حقیقی جمہوری قوتوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، بی این پی صوبے کی عوام کے حقوق کے لئے ہر فورم پرصدا ئے حق بلند کر تی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ملک نصیر شاہوانی نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسوں نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں اب حکومت کے خاتمے کے دن قریب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان پہلے ہی تعلیمی حوالے سے پسماندگی کا شکار ہے 26نومبر سے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ نیک شگون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں سردی کی آمد کیساتھ ہی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

اس سلسلے میں ضرور احتجاج کریں گے کیونکہ سردی میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابرہے ہزاروں روپے کی بل بھیج دیئے جاتے ہیں جو غریب عوام اس کی ادائیگی کی سکت نہیں رکھتے۔ اسمبلی میں عوامی مسائل کے لئے آوا ز اٹھانا ضروری ہے۔