|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2020

کوئٹہ: محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے کے 4اضلاع کے 2سو 27اساتذہ کے تعیناتی کی منظوری دیدی ہے جبکہ 12اضلاع کے اساتذہ کی منظوری ایک ہفتے میں ہونے کا امکان ہے، آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ اساتذہ فورم کے جاری کیمپ کے شرکاء میں خوشی کہ لہر دوڑ گئی، احتجاج پر بیٹھے اساتذہ نے شارٹ لسٹڈ اساتذہ کے صدر رحمت اللہ یاسین زئی پر پھولوں کی پتیاں نچاور کرتے ہوئے مبارکباد دی۔

آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ اساتذہ فورم کے صدر رحمت اللہ یاسین زئی نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ تعلیم نے بلوچستان کے 4اضلاع صحبت پور کے 89، جھل مگسی کے 54، آواران کے 46اور سوراب کے 38اساتذہ کے تعیناتی کی منظوری دیدی ہے جس کی کاپی انہیں موصول ہوچکی ہے اور محکمہ تعلیم کے حکام نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ 12اضلاع کے اساتذہ کی تعیناتی کی اپرول ایک ہفتے تک کی جائے گی۔

جبکہ دیگر اضلاع کے لسٹوں کی چھان بین جاری ہے جس کی بھی جلد ہی منظوری ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا احتجاجی کیمپ تمام شارٹ لسٹڈ 5ہزار 50اساتذہ کی تعیناتی کے آرڈرز جاری ہونے تک جاری رہے گا۔ا س موقع پر کیمپ کے شرکاء نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچاور کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔