|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2020

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، ہیومن ریسورس پر سرمایہ کاری اور اساتذہ کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے لانے کیلیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ ثانوی تعلیم کی جانب سے محکمانہ امور، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، نئے پرائمری اور مڈل اسکولز کے قیام کی منصوبہ بندی سمیت دیگر امور سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، سیکرٹری ثانوی تعلیم شیر خان بازئی، سیکریٹری امپلی مینٹیشن عبداللہ خان، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سید زاہد شاہ، ڈائریکٹر اسکولز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو سیکریٹری ثانوی تعلیم نے سنگل نیشنل کریکولم، بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ، پراونشل انسٹیٹیوٹ فار ٹیچرز ایجوکیشن (پائیٹ)، پی پی آئی یو اور ریئل ٹائم اسکول مانیٹرنگ (آر ٹی ایس ایم) سمیت محکمے میں جاری ترقیاتی اسکیمات، فارن فنڈڈ پروگرامز سمیت محکمہ کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکریٹری ثانوی تعلیم نے بتایا کہ صوبے کا پہلا پانچ سالہ تعلیمی ڈیویلپمنٹ سیکٹر پلان 2013-سے 2018 تیار کیا گیا تھا جبکہ دوسرا ایجوکیشن سیکٹر پلان جی پی ای اور یونیسف کے تعاون سے مرتب کیا جارہا ہے جس کا ڈرافٹ بہت جلد منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کیا جائے گا، انہوں نے اجلاس کو صوبے کے لٹریسی ریٹ، انرولمنٹ، اساتذہ کی تربیت کے لیے کیے گئے اقدامات سمیت دیگر امور کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسا ڈیجیٹل ایپ متعارف کرایا جائے جس میں دلچسپ فیچرز اور نصاب سے متعلق معلومات ہو تاکہ طلباء مذکورہ ایپ میں دلچسپی لیتے ہوئے ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے تعلیمی کیریئر کو جاری رکھ سکیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ایم اور یوٹیوب چینل کے اجراء کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی طرز پر فارغ التحصل گریجویٹس کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے کنٹریکٹ کی بنیادوں پر ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح پر تقرریاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی گریجویٹس کو میسر آئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شیلٹر لیس اسکولوں کے لئے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مل کر آزمائشی بنیادوں پری فیب بلڈنگ اور ٹوائلٹس نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔