|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے سابقہ حکومتوں کو مورد الزام ٹھہرارہی ہے، موجودہ حکمران اپنی کارکردگی بہتر نہیں کرسکتی تو وہ دوسروں پر الزامات لگانا چھوڑ دے۔ پشاور کی عوام کا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے جلسے میں بھر پور شرکت پر شکر گزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام او رپی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتی ہیں نااہل اور سلیکٹڈ حکمرا نوں نے ملک کی طرف دھکیل دیا ہے جس کا واضح ثبوت گزشتہ 2سالوں کے دوران ملکی معیشت کی تباہ حالی ہے، انہوں نے کہاکہ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس کی معیشت بہتر نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کو بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلی ہے موجودہ حکمرانوں کی نا قص پالیسیوں نے ملک کو بحرا نوں کے دلدل میں دھکیل دیا ہے اس لئے ان سلیکٹڈ اور نا اہل حکمرا نوں کوہم کسی بھی صورت مزید برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر جمعیت علماء اسلام اور یہاں کی اپوزیشن جماعتیں سمجھوتہ نہیں کریں گی۔

اور اگر کسی نے این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف اپوزیشن جماعتیں مل کر جدو جہد کریں گی۔ انہوں نے مو جو دہ صو با ئی حکمرا نوں کو ہدف تنقیدبناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت 2سال کے دوران کوئی بھی قابل ذکرکارکردگی نہیں دکھا سکی ہے اس لئے اب صو با ئی حکمران اپنی نا کا می چھپانے کے لئے ماضی کی حکومتوں کو مو رد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صو با ئی حکمرا نوں نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کئے۔ 2012میں پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام کی حکومت نے صوبے کے لئے تاریخی کام کرتے ہوئے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کا حق وفاق سے لے کر صوبے کو دلوایا آج صوبے میں سلیکٹڈ اور نااہل حکومت 3سو ارب روپے سے زائد بجٹ بنا رہی ہے۔

یہ ہماری ہی حکومت کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے پشاور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کی عوام نے تمام تر پابندیوں کے باوجود جلسے میں شرکت کرکے دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت کو مسترد کردیا ہے ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے۔