|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان کمیونٹی سکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے آج جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ اس بات کا اعلان بلوچستان کمیونٹی سکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر سید رفیع اللہ اورجنرل سیکرٹری ظہور احمد کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سکولز اساتذہ 2007سے قلیل تنخواہوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی سے ہمیں مستقل کرنے کے لئے قرارداد بھی منظور کی گئی لیکن اس پر عمل درآمدنہیں ہوا۔ ہمارے پاس 60ہزار طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اور اساتذہ اوور ایج ہوگئے ہیں لیکن ہمارے مسائل صرف فائلوں تک محدود ہیں ان پر تاحال کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ہے لہذا ہم بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے احتجاج کے دوران حکومت کو دو دن کی مہلت دی جو ختم ہوگئی ہے اس لئے اپنی مستقلی کے لئے آج جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے سامنے بھر پور احتجاج کریں گے جس کے لئے صوبہ بھر سے اساتذہ کوئٹہ پہنچ رہے ہیں اگر معاملہ پر بھی نہ سلجھا تو گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے سمیت بھوک ہڑتال کریں گے۔