|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2020

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر میر کبیر احمد محمدشہی نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزا د ے علی موسی گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کی گر فتاریاں سلیکٹڈ حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتی ہیں اور اس طرح کے منفی حربوں سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔

انتقامی کارروائیوں سے پی ڈی ایم کو سیاسی اجتماع منعقد کرنے کے جمہوری و آئینی حق سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ گوجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں سے خوفزدہ ہوکر حکومت حواس باختگی میں ملتان جلسہ روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

سیاسی تحریکیں گرفتاریوں اور پابندیوں سے نہیں روکی جاسکتیں بلکہ ان سے سیاسی کارکنوں کا جذبہ مزید بڑھتا ہے۔ ملک کو اس عوام دشمن اور کٹھ پتلی حکومت سے نجات دلاکر دم لینگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علی موسی گیلانی سمیت پیپلزپارٹی کے تمام گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔